بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اور معروف اداکار سنجے دت کی دیرینہ دوستی ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی، جب سلمان خان نے سنجے دت کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کی یادگار تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
سلمان خان نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں سنجے دت کو گرمجوشی سے گلے لگاتے ہوئے دکھایا، جبکہ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تصاویر سنجے دت کی رہائش گاہ پر لی گئی ہیں۔تصاویر کے ساتھ سلمان خان نے ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا، جس میں انہوں نے سنجے دت کو اپنا "بڑا بھائی" قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔سلمان خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا:"بابا ہمیشہ بابا ہی رہتے ہیں، اور بابا، بابا ہوتا ہے۔ سنجو بابا ہم سب کے بابا ہیں اور اب اپنے بچوں کے بھی بابا ہیں۔ میرے بڑے بھائی سنجے دت، اللہ، بھگوان اور یسوع مسیح سب اس آدمی کو خوش رکھیں۔ آئی لو یو بابا۔"سلمان خان کی اس پوسٹ کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جبکہ دونوں اداکاروں کی برسوں پر محیط دوستی کو بھی سوشل میڈیا صارفین سراہ رہے ہیں۔ دونوں فنکار ماضی میں متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں اور ان کی دوستی بالی ووڈ کی مضبوط ترین دوستیوں میں شمار کی جاتی ہے۔