لاہور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے 5 ایجنٹس سمیت 54 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر گزشتہ دو ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے گئے۔ یہ کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم، پاکپتن، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت مختلف اضلاع میں کی گئیں۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور دیگر سامان برآمد کیا گیا، جس میں 12 دیسی ساختہ بم (IEDs)، 42 ڈیٹونیٹرز، 98 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ تنظیموں کا لٹریچر، اسٹیکرز اور نقد رقم شامل ہے۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں وارث خان، نصر، منور حسین، کامل داد، زاہد، انعام اللہ، مطیع اللہ، جلال اور جمشید سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ افراد مبینہ طور پر مختلف مقامات پر دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران 13 ہزار 572 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 1,193 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ 4 لاکھ 94 ہزار 642 افراد کی جانچ پڑتال اور پوچھ گچھ کی گئی۔سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق ادارہ صوبے کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔