پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ملک محمد اقبال چنڑ کو برین ہیمرج ہوا تھا، جس کے بعد ان کا آپریشن بھی کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ملک محمد اقبال چنڑ بہاولپور کے حلقہ این اے-168 سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) کی سیاست میں فعال کردار ادا کر رہے تھے۔دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں وزیرِ اعظم نے مرحوم کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک اقبال چنڑ کی وفات سے ملک ایک مخلص عوامی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم مسلم لیگ (ن) کے نظریاتی کارکن اور قائد نواز شریف کے وفادار ساتھی تھے۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ انہیں ذاتی طور پر ملک اقبال چنڑ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، اور ان کی وفاداری، عوامی خدمات اور جماعت سے وابستگی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔