پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
قومی ٹیم کی فتح میں اسپنرز کی عمدہ بولنگ اور عبداللہ شفیق کی ناقابل شکست 160 اور 24 رنز کی اہم اننگز نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔یہ کامیابی پاکستان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ گزشتہ تین سال کے دوران بیرونِ ملک مسلسل آٹھ ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد یہ قومی ٹیم کی پہلی فتح ہے۔اس سے قبل پاکستان کو آسٹریلیا میں 0-3، جنوبی افریقا میں 0-2 اور بنگلادیش میں 0-2 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف موجودہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھی قومی ٹیم شکست کھا گئی تھی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم 26 سال بعد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے انتہائی قریب پہنچ کر بھی کامیابی حاصل نہ کر سکی۔ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف آخری مرتبہ 2000 میں ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی 9 ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے 4 جیتیں، جبکہ 5 سیریز برابر رہیں۔