عمان کے شمالی ساحل پر سُہَار بندرگاہ کے قریب لنگر انداز آئل ٹینکر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو بھارتی ملاح لاپتہ ہوگئے جبکہ جہاز پر سوار دیگر 9 ملاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ڈرون حملہ قرار دیا ہے۔ واقعے کے بعد مقامی حکام نے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں معاونت فراہم کی۔حکام کے مطابق لاپتہ ملاحوں کی تلاش کے لیے عمانی کوسٹ گارڈ نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر رکھا ہے، جبکہ بھارتی حکام بھی عمانی حکام اور جہاز کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔حکام کی جانب سے آئل ٹینکر کو پہنچنے والے نقصان اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم، واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں تجارتی جہازوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، جس کے باعث خطے میں بحری آمدورفت کی حفاظت سے متعلق تشویش بڑھ رہی ہے۔