عباس عراقچی کا امریکا کو سخت انتباہ، کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان

عباس عراقچی کا امریکا کو سخت انتباہ، کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان

تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کی حالیہ فوجی کارروائیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران اپنی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف کسی بھی حملے یا دھمکی کو برداشت نہیں کرے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا میدانِ جنگ میں اپنی ناکامیوں کے باوجود ایران کے عزم اور حوصلے کو آزمانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایرانی قوم اور مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ خود کو محفوظ رکھنا چاہتا ہے تو اسے مشرقِ وسطیٰ کے خطے سے نکل جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی افواج کسی بھی حملے، اشتعال انگیزی یا دھمکی کا جواب دیے بغیر نہیں رہیں گی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خلیج فارس کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ بیرونی طاقتوں کو ہمیشہ اس خطے میں مشکلات اور ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔