ویٹنگ پوسٹنگ پر اساتذہ کیلئے ای ٹرانسفر کا نیا را ئونڈ شروع

 آن لائن تبادلوں کی درخواستیں 3 سے 5 اگست تک وصول کی جائیں گی
لاہور(خصوص رپورٹ)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے پروموشن حاصل کرنے والے اور ویٹنگ پوسٹنگ پر موجود اساتذہ کے لیے ای ٹرانسفر کا نیا را ئونڈ کھول دیا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ شیڈول جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اساتذہ اور ضلعی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق پروموشن اور ویٹنگ پوسٹنگ اساتذہ سے آن لائن تبادلوں کی درخواستیں 3 سے 5 اگست تک وصول کی جائیں گی، جبکہ درخواستوں کے ساتھ جمع کرائی گئی دستاویزات کی تصدیق 6 اور 7 اگست کو کی جائے گی۔محکمہ کے مطابق اساتذہ اپنے اعتراضات 8 اگست تک جمع کرا سکیں گے، جبکہ ای ٹرانسفر کے تحت حتمی تبادلہ احکامات 11 اگست کو جاری کیے جائیں گے۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ وہ اساتذہ جو تبادلوں کے لیے کم ترجیحات درج کریں گے یا کوئی ترجیح نہیں دیں گے، انہیں دستیاب خالی اسامیوں پر تعینات کیا جائے گا۔اس کے علاوہ پنجاب بھر کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ ترقی پانے والے اساتذہ کی سکول انفارمیشن سسٹم پر بروقت ٹیگنگ یقینی بنائی جائے تاکہ ای ٹرانسفر کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل ہو سکے۔