اساتذہ کے تبادلوں کیلئے ای ٹرانسفر را ئونڈ فیز ٹو کا آغاز

 تبادلوں کے خواہشمند اساتذہ سے آن لائن درخواستیں طلب ، شیڈول جاری 
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ ہائر ایجوکیشن نے اساتذہ کے تبادلوں کے لیے ای ٹرانسفر را ئونڈ فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ تبادلوں کے خواہشمند اساتذہ سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں جبکہ تبادلوں کا مکمل شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق ای ٹرانسفر را ئونڈ فیز ٹو کے تحت اساتذہ کے تبادلوں کے لیے آن لائن درخواستوں کی وصولی 23 جنوری سے 26 جنوری تک کی جائے گی۔محکمہ ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ تبادلوں کے لیے آن لائن میرٹ لسٹ 27 جنوری کو جاری کی جائے گی، جبکہ میرٹ لسٹ پر اعتراضات 28 جنوری کو وصول کیے جائیں گے۔اعتراضات پر قائم کمیٹی 29 جنوری کو فیصلہ کرے گی، جس کے بعد کامیاب امیدواروں کے ٹرانسفر آرڈرز 30 جنوری کو جاری کر دیے جائیں گے۔تبادلے پانے والے اساتذہ کو 30 جنوری سے 4 فروری کے درمیان اپنی نئی تعیناتی پر لازمی طور پر جوائن کرنا ہوگا۔حکام کا کہنا ہے کہ ای ٹرانسفر سسٹم شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔