لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز نے ویٹنگ لسٹ سے بھرتی ہونیوالے پنجاب پولیس کے 2584 کانسٹیبلز کی تنخواہوں کے اجرا کی منظوری دیدی۔ صوبائی کابینہ نے وزیراعلیٰ کی زیرصدارت گزشتہ اجلاس میں تنخواہوں کے اجرا سے متعلق ترمیمی سمری کی باقاعدہ منظوری دی۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سابق آئی جی کے دور میں سٹینڈنگ آرڈر میں ترامیم کے ذریعے میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے امیدواروں کو ویٹنگ لسٹ سے بھرتی کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے ان کانسٹیبلز کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ون ٹائم ویور کے تحت تنخواہوں کے اجرا کی منظوری دی ہے۔اس فیصلے سے ویٹنگ لسٹ سیبھرتی 2584 کانسٹیبلز کی تنخواہوں کا معاملہ حل ہو گیا ہے۔