اوگرا میں اصلاحات ، پٹرولیم سپلائی چین کی مکمل ڈیجیٹل نگرانی کا حکم کسی کو عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی شہبازشریف

 بندرگاہوں اور ریفائنریوں سے پٹرول پمپوں تک پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کا استعمال یقینی بنایا جائے‘ میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے ماہرین کی تعیناتی کی جائے
 تیل و گیس کے شعبے میں شفافیت، مؤثر نگرانی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کیلئے ڈیجیٹل نظام کو جلد  فعال کیا جائے‘ عوام کو ایندھن کی بلاتعطل فراہمی اور مناسب قیمتوں کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے:اجلاس میں گفتگو
پاکستان کا آئینی وفاقی ڈھانچہ، صوبائی خودمختاری اور وفاق و صوبوں کے درمیان باہمی تعاون و مشاورت ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں:عالمی بینک کے وفد سے گفتگو‘ آذربائیجان کے سفیر  کی الوداعی ملاقات
 اسلام آباد ( آن لائن)  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں جامع اصلاحات، ادارہ جاتی استعداد میں اضافے اور تیل و گیس کے شعبے میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام کے فوری نفاذ کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی ایک ایک پائی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو عوام کے استحصال، ذخیرہ اندوزی یا نظام میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم کی زیرصدارت اوگرا کی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد میں بہتری کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں تیل کی سپلائی چین، ریگولیٹری نظام کی بہتری اور ادارے کی تنظیمِ نو سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے جدید ٹریکنگ نظام کو ماڈل بناتے ہوئے ملک میں ایندھن کی آمدورفت کی مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں اور ریفائنریوں سے پٹرول پمپس تک پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کا استعمال یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے اوگرا کی تنظیمِ نو کرتے ہوئے ہر شعبے اور منصب پر میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے ماہرین کی تعیناتی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی استعداد میں اضافے کے لیے نجی شعبے سے اچھی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جبکہ حکومت اس مقصد کے لیے ہر قسم کی پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرے گی۔ تیل و گیس کے شعبے میں شفافیت، مؤثر نگرانی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل نظام کو جلد مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایندھن کی بلاتعطل فراہمی اور مناسب قیمتوں کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے۔دریں اثناء شہباز شریف سے عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگآبزر کی قیادت میں وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات، مالیاتی وفاقیت اور وفاق و صوبوں کے درمیان مالیاتی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا  پاکستان کا آئینی وفاقی ڈھانچہ، صوبائی خودمختاری اور وفاق و صوبوں کے درمیان باہمی تعاون و مشاورت ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں‘علاوہ ازیں  وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے جمعہ کو الوداعی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور مستقبل کی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا