ویب ڈیسک: پاک فوج کی جنگی صلاحیت میں جدید ترین Z-10ME ہیلی کاپٹر کی شمولیت سے نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔
یہ ہیلی کاپٹر ہر موسم اور دن رات کے کسی بھی وقت درست نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا اور پاکستان آرمی ایوی ایشن میں Z-10ME ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب کی صدارت کی۔ مظفرگڑھ فائرنگ رینج میں ہیلی کاپٹر کی فائر پاور کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، جسے فیلڈ مارشل نے سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق Z-10ME ہیلی کاپٹر جدید ریڈار، الیکٹرانک وارفیئر اور نائٹ سٹرائیک کی صلاحیت سے لیس ہے۔ اس جدید نظام کی شمولیت ایوی ایشن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سمت ایک اہم سنگِ میل ہے اور یہ فضائی و زمینی اہداف کے خلاف کارروائیوں کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔
ملتان گیریژن آمد پر کور کمانڈر ملتان نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا۔ کور ہیڈکوارٹرز میں آپریشنل تیاریوں اور تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، جس پر فیلڈ مارشل نے تیاری کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی حوصلے کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات میں قومی یکجہتی، سول ملٹری ہم آہنگی، ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مکمل قومی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔