اجلاس، منشیات کے خلاف مربوط حکمت عملی پر زور

لاہور(کرائم رپورٹر) انٹر ایجنسی ٹاسک فورس (IATF) کا 19واں اجلاس اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ چیئرمین IATF میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز (ملٹری) نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض، ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل شہزاد اقبال ستارہ امتیاز (ملٹری)، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ محمد علی بابا خیل اور دیگر وفاقی و صوبائی اداروں کے سینئر نمائندگان نے شرکت کی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق تقریب کے آغاز میں چیئرمین IATF ڈی جی میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز (ملٹری) نے اجلاس میں شریک ممبران کے درمیان رابطوں اور کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ منشیات کے خلاف مؤثر انداز میں جنگ لڑی جا سکے۔ سیکرٹری IATF بریگیڈیئر سید عمران علی نے منشیات کی ٹریفکنگ کے خطرات، ان کے تدارک کی حکمت عملی اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ منشیات اور پریکرسر کیمیکلز کے نئے رجحانات، خاص طور پر میتھ ایمفیٹامائن (آئس) کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات مہم 2025-26 کی منصوبہ بندی زیرِ بحث رہی۔ پوست تلفی مہم 2025-26 کے لیے اداروں کی مشترکہ مربوط حکمت عملی پر زور دیا گیا۔ متعلقہ اداروں کے درمیان معلومات کا تبادلہ، مشترکہ آپریشنز اور متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی درکار تربیت کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ مشترکہ آپریشنل فریم ورک میں بہتری اور اجلاس میں شریک اداروں کے درمیان باہمی اشتراک کے لیے مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔ چیئرمین IATF میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز (ملٹری) نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء￿  کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی جی اے این ایف کے مطابق اس اجلاس کی کامیابی صرف معیاری مکالمے میں نہیں بلکہ ان فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد میں ہے جن پر باہمی اتفاق رائے سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے مل کر منشیات کے خلاف مشترکہ محاذ پر کام جاری رکھنے پر زور دیا۔