لندن/برلن: فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا عالمی رجحان تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔
برطانیہ اور فرانس کے بعد اب پرتگال اور جرمنی نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا۔پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رنگیل نے کہا کہ ان کا ملک آئندہ ماہ کے آغاز میں فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرتگال ایک خودمختار ملک ہے اور اپنی خارجہ پالیسی آزادانہ طور پر تشکیل دیتا ہے۔ادھر جرمنی کے وزیر خارجہ جوہان وڈیفل نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل اور فلسطینی قیادت کے درمیان دو ریاستی حل پر مذاکرات بحال نہ ہوئے تو جرمنی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں برطانیہ، فرانس، مالٹا اور کینیڈا بھی فلسطینی ریاست کو مشروط طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ماہرین کے مطابق فلسطینی ریاست کے حق میں یہ بڑھتا ہوا عالمی بیانیہ اسرائیل پر دباؤ بڑھانے اور مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔