لندن: فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے برطانیہ کے نئے وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات کے دوران فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر زور دیا ہے۔
لندن میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر میکرون نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی جانب عملی سیاسی سرگرمی کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرانس اور برطانیہ کو مشترکہ طور پر آگے بڑھتے ہوئے فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے۔ایمانویل میکرون نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا راستہ صرف دو ریاستی حل سے ہی ممکن ہے، اور عالمی برادری کو اس حوالے سے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ فرانس کئی ماہ سے برطانیہ پر فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، تاہم ماضی میں برطانوی حکومتیں اس معاملے پر محتاط رویہ اپناتی رہی ہیں۔صدر میکرون کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یورپی ممالک میں فلسطین کی حمایت میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں، اور ناروے، آئرلینڈ اور اسپین جیسے ممالک نے حال ہی میں فلسطین کو ریاست تسلیم کیا ہے۔