لاہور ہائی کورٹ نے بچوں کی کفالت اور شواہد کی عدم موجودگی پر خاتون کی رہائی کا حکم دیا
لاہور (زیڈاین این) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس تنویر احمد شیخ نے خاوند کو قتل کرنے کے مقدمے میں گرفتار خاتون ملزمہ فائزہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کر دیا۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فائزہ کو محض شک کی بنیاد پر مقدمے میں نامزد کر کے گرفتار کیا گیا ہے، حالانکہ اس کا شوہر تصور حسین کے قتل سے کوئی تعلق نہیں۔ وکیل کے مطابق خاتون پانچ بچوں کی ماں ہے اور مقتول کے والد نے گھریلو رنجش کی بنیاد پر ملزمہ کو جھوٹا ملوث کیا ہے، جبکہ بچوں کی کفالت کرنے والا بھی کوئی موجود نہیں۔دوسری جانب مدعی کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ملزمہ نے اپنے مبینہ آشنا علی اصغر کے ساتھ مل کر اپنے خاوند کو قتل کیا۔ مقدمہ 26 جنوری کو تھانہ علی پور چھٹہ ضلع وزیر آباد میں درج ہوا، اور اس کیس کا ٹرائل ماتحت عدالت میں جاری ہے۔ مدعی کے وکیل نے مزید کہا کہ ملزمہ کا وکیل ٹرائل میں پیش نہیں ہو رہا، اور خاتون سنگین جرم کی مرتکب ہے لہٰذا وہ کسی رعایت کی مستحق نہیں۔