ظالم حکمرانوں کے خلاف مزاحمت کرنا درس کربلا ہے: شاہی سید

غلبہ حق کے لئے امام حسین کا لافانی کردار تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے:صدر اے این پی سندھ
 کراچی (یواین پی)عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے حضرت امام حسین نے باطل کے سامنے سرنگوں ہونے سے یکسر انکار کرکے دین اسلام پر آنچ نہیں آنے دی،نواسہ رسول نے سر کٹوا کر حفاظت دین کا حق ادا کر دیا، عہد حاضر کے یزیدوں کی سرکوبی کے لئے پیغام حسین کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔شاہی سید نے کہا کہ غلبہ حق کے لئے امام حسین کا لافانی کردار تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے، اسوہ شبیری ہی حق اور سچ کا راستہ ہے، امام حسین سے محبت دراصل حضور نبی کریم سے محبت ہے۔شاہی سید نے کہا کہ شہدائے کربلا کا صبر واستقامت دین اسلام کی بقاکا اصل وجودہے،شہدائے کربلا کے صبر واستقامت کی مثال لوگ رہتی دنیا تک دیتے رہیں گے، امام حسین نے انسانیت کو باطل کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا اوراپنے خون سے دین اسلام کے پودے کی آبیاری کی۔