ایران کے دارالحکومت تہران میں واقع امریکا کے سابق سفارت خانے کی عمارت کو آج صبح ہونے والے حملے میں نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ عمارت مبینہ طور پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی زد میں آئی، جس کے نتیجے میں کمپاؤنڈ کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔ عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سفارت خانے کے کمپاؤنڈ کے مشرقی حصے کو متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم حملے کے بعد ہونے والے نقصانات اور جانی صورتحال سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
واضح رہے کہ تہران میں واقع یہ عمارت نومبر 1979 میں ایرانی انقلاب کے بعد امریکی سفارت خانے پر قبضے کے واقعے کے بعد بند کر دی گئی تھی اور بعد ازاں اسے میوزیم میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔بعد کے برسوں میں اس عمارت کا کنٹرول زیادہ تر پاسدارانِ انقلاب (IRGC) اور بسیج سے منسلک اداروں کے پاس رہا ہے۔ حالیہ حملے کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اس واقعے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔