بچہ صائم گزشتہ دو روز سے لاپتہ تھا اور راستہ بھول گیا تھا،والدین کی دعائیں
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو روز سے لاپتہ خصوصی بچے کو اس کے والدین سے ملا دیا۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق ‘‘میرا پیارا’’ ٹیم نے جدید کیمروں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ملت پارک کے رہائشی خصوصی بچہ صائم کو تلاش کیا، جو گزشتہ دو روز سے لاپتہ تھا اور راستہ بھول گیا تھا۔والدین کی جانب سے واٹس ایپ پر صرف ایک مبہم تصویر فراہم کی گئی، جس کی بنیاد پر سیف سٹی ٹیم نے کیمرا سرویلنس کے ذریعے بچے کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا۔ بچے کو مرغزار کالونی سے سیکرٹریٹ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔سیف سٹی ‘‘میرا پیارا’’ ٹیم نے فوری طور پر تمام معلومات متعلقہ تھانے اور انویسٹیگیشن ٹیم کو فراہم کیں، جس پر فیلڈ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔ بعد ازاں تصدیق کے بعد بچے کو والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق سیف سٹی کی ‘‘میرا پیارا’’ ٹیم اب تک 62 ہزار سے زائد بچوں اور خصوصی افراد کو ان کے اہل خانہ سے ملا چکی ہے۔ جدید کیمرا سرویلنس، ڈیٹا اینالیٹکس اور مربوط نظام کے ذریعے گمشدہ افراد کی تلاش کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی گمشدہ شخص سے متعلق معلومات فوری طور پر ایمرجنسی 15 پر کال کر کے 3 دبا کر فراہم کریں، جبکہ سیف سٹی کی ٹیم گمشدہ افراد کو ان کے اہل خانہ سے ملانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔