سنٹرل پولیس آفس میںآئی جی عبدالکریم نے پولیس ملازمین، اہلخانہ سے ملاقات کی
لاہور(کرائم رپورٹر)سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے سائلین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ریٹائرڈ کانسٹیبل پرویز احمد کے بیٹے کی بھرتی سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح لیڈی کانسٹیبل خدیجہ ارشد کی سرکاری رہائش کی درخواست پر سی سی پی او لاہور کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔لیڈی کانسٹیبل زینب لطیف کی قانونی کارروائی سے متعلق درخواست پر ڈی پی او شیخوپورہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی، جبکہ مرحوم ڈرائیور کانسٹیبل امتیاز احمد کے بیٹے کی بھرتی کے معاملے پر بھی ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو احکامات دیے گئے۔جبکہ 4 دیگر سائلین کی بھرتی سے متعلق درخواستوں کو بھی ایڈیشنل آئی جی پنجاب کے سپرد کرتے ہوئے زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی فوری احکامات جاری کیے۔آئی جی پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔