جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج قرار صدرمملکت نے جسٹس سرفراز ڈوگر و دیگر 2ججز کا تبادلہ بھی مستقل قرا ردیدیا

ایوانِ صدر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی نئی سینیارٹی لسٹ بھی جاری، جسٹس محسن اختر کیانی دوسرے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب تیسرے نمبر پر ہوں گے

اسلام آباد(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زردا ری نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج ڈیکلیئر کر دیا، جسٹس سرفراز ڈوگر اور دیگر 2 ججز کا تبادلہ بھی مستقل قرار دے دیا۔یہ فیصلہ سپریم کورٹ کی جانب سے 19جون کو سنائے گئے حکم کے تسلسل میں سامنے آیا ہے ۔سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ ججز کی سنیارٹی کے تعین کا معاملہ صدر مملکت کو بھیجا تھا۔ایوانِ صدر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی نئی سینیارٹی لسٹ بھی جاری کر دی گئی۔سنیارٹی لسٹ کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی دوسرے اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سنیارٹی میں تیسرے نمبر پر ہوں گے، جس کا وزارت قانون کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صدر نے سنیارٹی کی منظوری سپریم کورٹ کے 19جون کے فیصلے کی روشنی میں دی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہوں گے، جسٹس سرفراز ڈوگر اور 2ججز کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ مستقل بنیادوں پرکیا گیا ہے۔ سنیارٹی لسٹ کے مطابق ٹرانسفر ہونے والے جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر ترین جج ہوں گے ۔جسٹس محسن اخترکیانی دوسرے سینئر جج قرار دئیے گئے ہیں، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سنیارٹی میں تیسرے نمبر پر ہوں گے، جسٹس طارق محمود جہانگیری سنیارٹی میں چوتھے نمبر پر ہوں گے، جسٹس بابر ستار سنیارٹی میں پانچویں، جسٹس سردار اعجاز اسحاق چھٹے نمبر پر ہیں۔جسٹس ارباب طاہر سنیارٹی میں ساتویں نمبر پر ہوں گے، جسٹس ثمن رفعت سنیارٹی میں آٹھویں، جسٹس خادم سومرو نویں نمبر پر ہوں گے، جسٹس اعظم خان سنیارٹی میں دسویں، جسٹس محمدآصف 11ویں اور جسٹس انعام امین منہاس سنیارٹی میں سب سے آخری 12ویں نمبر ہوں گے۔