بھارت میں جاری میگا ایونٹ آئی پی ایل 2026 کے دوران انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نشریات سے وابستہ ایک برطانوی شہری کی موت ہو گئی۔
ان کی لاش ممبئی کے ایک ہوٹل کے کمرے سے ملنے پر تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے جانے والے برطانوی شہری کی شناخت ایان ولیمز لینگ فورڈ کے نام سے ہوئی ہے، جو بی سی سی آئی کے لیے براڈکاسٹ انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ 24 مارچ سے آئی پی ایل کی کوریج کے سلسلے میں ممبئی کے ایک ہوٹل میں مقیم تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار 29 مارچ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینز اور کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ ختم ہونے کے بعد ایان ولیمز لینگ فورڈ اپنے ہوٹل کے کمرے نمبر 2715 میں واپس آ گئے تھے۔30 مارچ کو جب ہوٹل کے ریسپشن نے ان کے کمرے پر فون کیا تو کوئی جواب نہ ملا۔ بعد ازاں ہوٹل اسٹاف جب ان کے کمرے تک پہنچا اور دروازہ کھٹکھٹایا تو اندر سے کوئی ردعمل نہ آیا۔ ماسٹر چابی کے ذریعے دروازہ کھولا گیا تو ایان ولیمز لینگ فورڈ کی لاش فرش پر پڑی ہوئی ملی۔ ہوٹل کے ڈاکٹر نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور انہیں مردہ قرار دے دیا۔
اطلاع ملتے ہی مرین ڈرائیو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں کسی قسم کی سازش یا بیرونی چوٹ کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ہوٹل اسٹاف سمیت متعلقہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد ہوٹل میں مقیم دیگر مہمانوں اور عملے میں تشویش پائی جا رہی ہے۔