آبنائے ہرمز بند رہنے کے باوجود ٹرمپ ڈیل کیلئے تیار امریکہ نے ایران کے اسلحہ ذخائر پر2ہزارپائونڈ وزنی بم گرا دیئے‘اسرائیلی شہروں میں میزائلوں سے تباہی

ایرانی حملوں میں11اسرائیلی زخمی‘،خلیجی ممالک  پر بھی حملے جاری،دبئی  میں کویتی آئل ٹینکر پر حملہ، اصفہان کے قریب 30 ملین ڈالر مالیت کا ریپر ڈرون مار گرانے کا دعوی 
  امریکی و اسرائیلی فوج  کا ایران میں  40اسلحہ سازی اور تحقیقاتی مراکز پر حملوں کا دعوی، تہران میں دھماکوں سے  کچھ علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی‘ٹرمپ نے ویڈیوشیئر کردی
 ٹرمپ 6 اپریل سے پہلے ڈیل چاہتے ہیں،ایران امریکہ یا اتحادیوں کو دھمکیاں نہیں دے سکتا، عرب ممالک سے جنگ کے اخراجات طلب کر سکتے ہیں:ترجمان وائٹ ہائوس
تہران،تل ابیب،واشنگٹن (آئی این پی )امریکہ ،اسرائیل کی ایران کیخلاف جنگ روکنے کیلئے  سفارتی کوششوں کے باوجود اس میںشدت آرہی ہے ،ایران نے اسرائیلی اور امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے آپریشن وعدہ صادق کی87ویں لہر داغ دی جس میں11اسرائیلی زخمی ہوگئے ،ایرانی فوج  نے اصفہان کے قریب 30 ملین ڈالر مالیت کا ریپر ڈرون مار گرانے کا دعوی  کیا ہے  جبکہ  امریکی و اسرائیلی فوج نے تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا  ہے کہ تقریبا 40 اسلحہ سازی اور تحقیقاتی مراکز پر حملے کیے ہیں،ایران کے دارالحکومت تہران میں دھماکوں سے  کچھ علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی،  اصفہان میں 2 ہزار پانڈ وزنی بم سے اسلحہ ذخائر کو نشانہ بنایا گیا، شدید دھماکوں کی ویڈیو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ سے بھی شیئر کردی۔ایرانی میڈیارپورٹس کے مطابق ایران نے مختلف علاقوں میں دشمن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، ڈرون ہینگرز، ویپن سپورٹ تنصیبات اور امریکی و صیہونی فوجیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، حیفا میں آئل ریفائنری پر حملہ کیا، شعلے آسمان کو چھوتے رہے۔   اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب، بنی براک اور پیتاح تکوا سمیت مختلف علاقوں میں میزائل گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے منگل کی  صبح داغے گئے میزائلوں کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی میڈیا  کہنا ہے کہ گش دان کے علاقے میں 6 اور بنی براک میں 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ دیگر متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ادھر خطے میں امریکی تنصیبات بھی ایران کے نشانے پر رہیں، سعودی عرب کے قریب پرو جیکٹائل سے بحری جہاز پر حملہ کیا، سعودیہ میں امریکی وارننگ سسٹم کو بھی تباہ کردیا، بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے کمانڈرز کے ٹھکانے پر حملے کئے۔شارجہ میں ٹیلی کام کمپنی کی عمارت پر ایران نے ڈرون حملہ کیا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کویتی حکام کا کہنا ہے دبئی پورٹ پر ایرانی حملے میں بڑے آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔حملے کے بعد متاثرہ آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ترکیہ کا ایک اور میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعوی کیا گیا۔ادھر دبئی پورٹ پر کویتی آئل ٹینکر السلمی کو لنگر انداز ہونے کے دوران ایرانی ڈرون نے نشانہ بنایا ہے‘دریں اثناء مریکی اخبار نے دعوی کیا ہے    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قریبی مشیروں سے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف امریکی فوجی مہم کو ختم کرنے پر آمادہ ہیں، چاہے آبنائے ہرمز بڑی حد تک بند ہی کیوں نہ رہے۔دوسری جانب وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ 6 اپریل سے پہلے ڈیل چاہتے ہیں، اس جنگ کے اخراجات عرب ممالک ادا کریں۔ وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ پر تہران کا کنٹرول برقرار رہے، اور اسے دوبارہ کھولنے کا پیچیدہ کام بعد کے لیے چھوڑ دیا جائے