امریکی مڈٹرم انتخابات، خلا میں موجود خلا بازوں نے بھی ووٹ ڈال دیا

امریکی مڈٹرم انتخابات، خلا میں موجود خلا بازوں نے بھی ووٹ ڈال دیا

امریکی مڈٹرم انتخابات میں جہاں لاکھوں امریکی شہریوں نے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کرکے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا، وہیں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں موجود تین امریکی خلا بازوں نے بھی زمین سے سیکڑوں میل بلندی پر خلا سے اپنا ووٹ کاسٹ کرکے منفرد مثال قائم کردی۔

ناسا کے خلا باز انیل مینن نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے خلائی اسٹیشن کے اندر سے ووٹنگ کے عمل کے بارے میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ زمین سے دور خلا میں موجود ہونے کے باوجود امریکی خلا بازوں کو انتخابات میں حصہ لینے اور اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ویڈیو میں انیل مینن نے خلائی اسٹیشن کے اپنے رہائشی حصے میں ایک مخصوص مقام دکھاتے ہوئے کہا کہ جی ہاں، آپ خلا میں رہتے ہوئے بھی ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں موجود تینوں امریکی خلا بازوں نے الیکٹرانک بیلٹ کے ذریعے اپنے ووٹ درج کیے اور انہیں محفوظ طریقے سے امریکی انتخابی حکام تک پہنچایا۔اس منفرد انتخابی عمل میں انیل مینن کے ساتھ امریکی خلا باز جیسیکا واٹکنز اور لیوک ڈیلینی بھی شامل تھے۔ تینوں خلا بازوں نے خلائی مدار میں رہتے ہوئے الیکٹرانک طریقے سے ووٹنگ کا عمل مکمل کیا۔

ووٹنگ کے لیے ناسا کے خصوصی مواصلاتی نیٹ ورک سے مدد لی گئی، جس کے ذریعے خلائی اسٹیشن سے الیکٹرانک بیلٹ پہلے زمین پر موجود متعلقہ مراکز تک پہنچائے گئے اور بعد ازاں انہیں خلا بازوں کے متعلقہ کاؤنٹی کے انتخابی دفاتر کو ارسال کردیا گیا۔ناسا کے مطابق خلا سے ووٹ ڈالنے کے اس پورے عمل میں ووٹرز کی رازداری اور انتخابی ڈیٹا کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید انکرپشن ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے، جس کے تحت مکمل شدہ بیلٹ تک صرف متعلقہ خلا باز اور مجاز انتخابی حکام ہی رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

خلا سے ووٹنگ کا آغاز کب ہوا؟

خلا بازوں کو خلائی مدار سے امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی سہولت 1997 میں متعارف کرائی گئی تھی۔ اس مقصد کے لیے امریکی ریاست ٹیکساس میں قانون سازی کی گئی، جس کے تحت ناسا کے خلا بازوں کو خلا میں موجودگی کے دوران بھی انتخابی عمل میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی۔اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والے پہلے امریکی خلا باز ڈیوڈ وولف تھے، جنہوں نے 1997 میں روسی خلائی اسٹیشن میر میں موجودگی کے دوران خلا سے اپنا ووٹ کاسٹ کیا تھا۔اس کے بعد ناسا نے خلائی مشنز پر جانے والے امریکی خلا بازوں کے لیے ووٹنگ کا یہ نظام برقرار رکھا، تاکہ طویل عرصے تک زمین سے دور رہنے کے باوجود وہ اپنے جمہوری حق سے محروم نہ رہیں۔