لیسکو کے لائن سپرنٹنڈنٹ کی فیکٹری میں بجلی چوری پکڑی گئی

غیر قانونی ٹرانسفارمر، زیرِ زمین تار اور 11 کے وی لائن کو ہٹا دیا گیا،مقدمہ درج
 لائن سپرنٹنڈنٹ فیض رسول کو معطل کرکے کارروائی شروع کر دی :اشفاق احمد 
لاہور (خصوصی رپورٹ )لیسکو کی برکی سب ڈویڑن میں پولیس کے ہمراہ کارروائی ،ہڈیارہ گاؤں میں لیسکو کے لائن سپرنٹنڈنٹ کی پلاسٹک فیکٹری سے بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑی گئی۔تفصیلات کے مطابق لیسکو کی برکی سب ڈویڑن میں ایکسین عزیز بھٹی ٹاؤن اشفاق احمد اور ایس ڈی تہذیب الحسنین سمیت دیگر سٹاف نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ایکٹنگ لائن سپرنٹنڈنٹ برکی سب ڈویڑن فیض رسول کی پلاسٹک فیکٹری اور گھروں کو ڈائریکٹ بجلی کی سپلائی پکڑ لی، لائن سپرنٹنڈنٹ ایک کالونی میں 100 kva کا غیر قانونی ٹرانسفارمر نصب کر کے، فور کور کیبل کے ذریعے بجلی چوری کر رہا تھا۔آپریشن کے دوران غیر قانونی ٹرانسفارمر، زیرِ زمین تار اور 11 کے وی لائن کو ہٹا دیا گیا۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ ہڈیارہ میں درج کروا دی گئی ۔ایکسین اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ اور ایس ای ساؤتھ محمد حسین کی ہدایت پر مقدمہ درج کروا کر تمام کنکشنز منقطع کروا دیئے گئے ہیں جبکہ لائن سپرنٹنڈنٹ کو فوری معطل کرکے محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔