لاہور کی جنگل نما حد بندی کی کل لمبائی 112 کلومیٹر اوررقبہ 1711 ایکڑ پر محیط ہوگی ، منصوبہ تین مراحل میں مکمل ہوگا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ماحول دوست منصوبہ ‘‘لنگز آف لاہور’’ماحولیاتی آلودگی کے تدارک اور سموگ کے خاتمے کے لیے دنیا بھر میں اپنی مثال قائم کرنے کو تیار ہے۔پنجاب حکومت کے مطابق اس منصوبے کے تحت تقریباً 48 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔یہ منصوبہ پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور مکمل کرے گی۔‘‘لنگز آف لاہور’’ منصوبے کے تحت لاہور کی جنگل نما حد بندی کی کل لمبائی 112 کلومیٹر اوررقبہ 1711 ایکڑ پر محیط ہوگا۔ حکام کے مطابق رِنگ فاریسٹیشن منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں 1210 ایکڑ اراضی پر 59 کلومیٹر لمبا رنگ فاریسٹ بنایا جائے گا، دوسرے مرحلے میں 31 کلومیٹر اور تیسرے مرحلے میں 22 کلومیٹر کا فاریسٹ ایریا تیار کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ ایک سال کے عرصے میں مکمل کر لیا جائے گا۔اس منصوبے سے تقریباً دو کروڑ سے زائد افراد براہِ راست مستفید ہوں گے۔منصوبہ نہ صرف سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد دے گا،بلکہ شہری پھیلا ئو روکنے میں بھی م ئوثر کردار ادا کرے گا۔منصوبے کے تحت مقامی اور پھل دار درختوں کی اقسام لگائی جائیں گی،جن میں جامن، کچنار، امرود سمیت مختلف پھلوں والے درخت شامل ہوں گے۔جبکہ نمائشی درختوں میں پلکن، ارجن، گلِ نشتر، سکھ چین، جیٹروفہ اور دیگر اقسام لگائی جائیں گی۔ترجمان محکمہ ہا ئوسنگ کے مطابق ‘‘لنگز آف لاہور’’ منصوبہ سموگ کے تدارک کے لیے ایک منفرد اور نتیجہ خیز اقدام ثابت ہوگا۔