48ہزار کلو جعلی مصالحہ جات ضبط

3 ٹرک ملاوٹی ناقص مصالحہ جات پر معروف برانڈ کی پیکنگ لگانے والا یونٹ پکڑا گیا،یونٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج
 لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلی مریم نواز شریف کے ملاوٹ سے پاک صحت مند پنجاب مشن کی عملی تکمیل کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کوشاں ہے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے اندرون شہر نسبت روڈ پر جعلسازی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، 48ہزار کلو مختلف جعلی مصالحہ جات، 1000کلو پیکنگ میٹیریل، 11پیکنگ مشینیں، مکسنگ مشین ضبط کر کے جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر یونٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا، 3 ٹرک ملاوٹی ناقص مصالحہ جات پر معروف برانڈ کی پیکنگ لگانے والا یونٹ پکڑا گیا، ڈی جی فوڈاتھارٹی نے بتایا ویجیلنس ٹیموں نے سپلائی چین کی طویل ریکی کر کے یونٹ کا پتہ لگایا، یونٹ میں جعلی مصالحہ جات کو معروف برانڈز کی نقلی پیکنگ لگائی جارہی تھی،موقع پر کیے گئے ٹیسٹ ناقص پائے جانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی،یونٹ میں انتہائی لازم ریکارڈ عدم موجود، صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے،پروسیسنگ ایریا میں واشروم، حشرات کی بھرمار، مصالحہ جات زمین پر رکھے پائے گئے، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی بروقت کارروائی سے لاہوری مضر مصالحہ جات کھانے سے بچ گئے، ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا اصل کے نام نقل پیکنگ لگا کر جعلی اشیا فروخت کرنیوالے قوم کے دشمن ہیں، غذائی دہشتگردوں کے ہر ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے، سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں، خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے، ملاوٹ سے پاک پنجاب بنائیں گے،شہری اپنے ارد گرد ایسے تمام عناصر کی سرکوبی کے لیے فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں، شکایات کے لیے 1223 پر اطلاع دیں۔