پاکستان افغانستان سمیت اپنے تمام ہمسایوں سے امن چاہتا ہے، افغانستان کی جانب سے مسلسل دہشت گردی کے باوجود پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں تحمل کا مظاہرہ کیا ہے
پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پشاور میں قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب
پشاور(آئی این پی )آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے پاکستان افغانستان سمیت اپنے تمام ہمسائیوں سے امن چاہتا ہے، تاہم پاکستان اپنی سرزمین پر افغان سرزمین پر دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے ملاقات کی۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا، آرمی چیف کو کور ہیڈکوارٹر پشاور میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سرحدی امن، آپریشنل تیاری اور پاک-افغان سرحد پر امن واستحکام کے لیے جاری انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور حالیہ پاک-افغان کشیدگی کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون پر قبائلی عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کی لچک اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان افغانستان سمیت اپنے تمام ہمسائیوں سے امن چاہتا ہے، تاہم پاکستان اپنی سرزمین پر افغان سرزمین پر دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا۔آرمی چیف نے واضح کیا کہ افغانستان کی جانب سے مسلسل دہشت گردی کے باوجود پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں تحمل کا مظاہرہ کیا اور پاک-افغان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے سفارتی اور معاشی سطح پر متعدد اقدامات کیے۔پاک فوج کے سربراہ نے افغان طالبان کے رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان بھارتی حمایت یافتہ گروہوںکے خلاف کارروائی کے بجائے ان کی پشت پناہی اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا اور ملک بھر سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا