وعدہ کرتا ہوں جس کا جتنا نقصان ہوا ہے حکومت دے گی‘گھر دوبارہ تعمیر کرینگے علی امین گنڈا پور

 وفاقی حکومت ہمارے لئے کچھ کرکے احسان نہیں کرے گی، یہ وفاق کی ذمہ داری ہے، مجھ سے وفاق اور تمام صوبائی حکومتوں نے رابطہ کیا  اور تعاون کی یقین دہانی کرائی
 آبادیوں کو پانی کے راستوں سے ہٹا کر دوسرے مقامات پر نئی بستیاں آباد کریں گے‘تجاوزات کرنے والوں کو سزائیں دیں گے:وزیراعلی کی سوات میں پریس کانفرنس

سوات(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے  سیلاب سے ہونے والے شہریوں کے مالی نقصان کا ازالہ کریں گے، سیلاب سے تباہ گھروں کو دوبارہ تعمیر کریں گے، وعدہ کرتا ہوں جس کا جتنا نقصان ہوا ہے حکومت دے گی۔سوات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا  آبادیوں کو پانی کے راستوں سے ہٹا کر دوسرے مقامات پر نئی بستیاں آباد کریں گے، برس ہا برس سے لوگ پانی کے قدرتی راستوں پر گھر اور دکانیں بنا رہے ہیں، ڈی آئی خان میں تجاوزات کیخلاف مثالی آپریشن ہوا ہے۔ تجاوزات آج سے نہیں سال ہہ سال سے لوگ بنا رہے ہیں، وقت کے ساتھ ندی نالوں کی صفائی نہیں کی گئی، جب پانی کو جگہ نہیں ملتی تو وہ باہر نکل کر زیادہ نقصان کرتا ہے، بونیر میں بیچ و بیچ ایسی مارکیٹ تھی جس کے ہٹانے پر عدالت سے اسٹے آرڈر آ گیا، اگر بونیر میں وہ مارکیٹ ہٹا دی جاتی تو شاید اتنا بڑا نقصان نہیں ہوتا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ  تجاوزات قائم کرکے کیا آپ رزق حلال کما رہے ہیں، قبضوں سے گریز کریں، جب وارننگ دیتے ہیں کہ آپ یہاں سے ہٹ جاؤ تو وقت پر نہیں ہٹتے، عدالت چلے جاتے ہیں، جنہوں نے تجاوزات قائم کی ہیں، انہیں سزائیں بھی دیں گے، لیکن یہ کوئی مستقل حل نہیں، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ تجاوزات نہ بھی ہوں تب بھی ایسی صورتحال ہو سکتی ہے۔
 وفاقی حکومت ہمارے لیے کچھ کرکے احسان نہیں کرے گی، یہ وفاق کی ذمہ داری ہے، مجھ سے وفاق اور تمام صوبائی حکومتوں نے رابطہ کیا ہے، تعاون کا یقین دلایا ہے۔