افغان طالبان نے کسی قسم کی جارحیت دکھائی تو پی ٹی آئی پاکستان کیساتھ کھڑی ہوگی:چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ نومبر میں احتجاج کی کال کے حوالے سے تمام باتیں بے بنیاد ہیں,بانی پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کوئی باضابطہ ہدایت نہیں دی گئی۔ بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ اسپیکر سے ملاقات میں اپوزیشن لیڈرکے انتخاب کا عمل جلد مکمل کرنے کی درخواست کی ہے،اپوزیشن لیڈر کا عہدہ 8 اگست سے خالی پڑا ہے،رول 39 کے تحت اکثریت رکھنے والا رکن ہی اپوزیشن لیڈر بنتا ہے‘انہوں نے کہا اگر کوئی ملک پراکسی یا پھر براہ راست جنگ لڑے گا، پاکستان کے ہر ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا اور اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستانیوں کی طرح پاکستان تحریک انصاف بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔