پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال’’ مس کال‘‘ ہی رہے گی:گورنر سندھ

بڑھکیں بڑی بڑی ماری جا رہی ہیں،  کارکنان اپنی توانائی 3 سال کیلئے سنبھال کر رکھیں،کامران ٹیسوری
کراچی(آئی این پی ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پی ٹی آئی کی 24 نومبر کواحتجاج کی کال کو’’ مس کال ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان اپنی توانائی 3 سال کیلئے سنبھال کر رکھیں، فی الحال ان کی کال مس کال ہی رہے گی۔گورنر ہائوس میں سوئیڈن کی سفیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا تحفظ اور معاشی نظام مضبوط ہاتھوں میں ہے، بڑھکیں بڑی بڑی ماری جا رہی ہیں، یہ کال مس کال ہی رہے گی۔ دریں اثناء گورنر سندھ نے مکیش چالہ سے صوبائی وزیر کے عہدہ کا حلف بھی لیا، حلف برداری کی تقریب کے شرکاء کی گرما گرم حلیم اور جلیبی سے تواضع کی گئی جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزراء نے گورنر سندھ سے اظہار تشکر کیا۔