لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 603 تک پہنچ گیا، بعض علاقوں میں 1000 سے بھی زیادہ
فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، ماسک استعمال کی ہدایت
لاہور (آن لائن) پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ نے شدت اختیار کر لی ہے جبکہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بدستور سرفہرست ہے۔ محکمہ ماحولیاتی تحفظ کے مطابق لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 603 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بعض علاقوں میں اس کی شدت 1000 سے بھی تجاوز کر گئی۔علامہ اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 1059، ڈی ایچ اے میں 1021، اور ساندہ روڈ پر 818 ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر شہروں میں فیصل آباد میں 685، گوجرانوالہ میں 555 اور ملتان میں 364 ایئر کوالٹی انڈیکس رپورٹ ہوا ہے۔محکمہ ماحولیات پنجاب نے انسدادِ سموگ اقدامات مزید تیز کرتے ہوئے پبلک مقامات پر ڈرائی سویپنگ اور چونے سے صفائی پر پابندی عائد کر دی ہے۔دوسری جانب طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلنے، ماسک کے استعمال اور آنکھوں کی حفاظت کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔