منڈیوں کے اطراف پارکنگ کے بہترین انتظامات کئے جائیں:بلال صدیق
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے مویشی منڈیوں،بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے مربوط سکیورٹی ا نتظامات کئے ہیں۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ ضلعی حکومت کی جانب سے6منظور شدہ مقامات پر مویشی منڈیاں لگائی گئی ہیں۔ شاہ پور کانجراں،برکی روڈ نزدپیراگون سٹی، سپورٹس کمپلیکس اڈہ رکھ چھبیل،ایل ڈی اے سٹی کاہنہ کاچھا، حویلی مرکز سندر روڈرائیونڈ اور موضع نین سکھ سگیاں پل کے مقام پر قائم مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے بھر پورانتظامات کئے گئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے بیوپاریوں اور خریداروں کو نوسربازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ افراد سے محفوظ رکھنے کیلئے موثراقدامات کئے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے سپروائزری افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حدود کی مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے اطراف میں پارکنگ کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے گرد ٹریفک کی روانی بر قرار رکھنے کیلئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن15 پر پولیس سے فوری رابطہ کریں۔