عید قربان قریب آتے ہی جانوروں کی چوری میں اضافہ، دو ملزمان گرفتار

عید قربان قریب آتے ہی جانوروں کی چوری میں اضافہ، دو ملزمان گرفتار

لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں عید قربان سے قبل جانور چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حالیہ واقعے میں پولیس نے جانور چوری کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان بابر اور افضال نے شہری امجد کے مویشی چوری کیے تھے۔ چوری کیے گئے جانوروں میں 4 بھینسیں اور 2 کٹے شامل تھے، جنہیں ملزمان کاچھا روڈ کے قریب سے لے جا رہے تھے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان قربانی کے جانور چوری کر کے فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ مزید تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ دونوں افراد کے خلاف پہلے بھی قربانی کے جانور چوری کرنے کے مقدمات درج ہیں۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے جانوروں کی حفاظت کیلئے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ عید کے موقع پر کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔