لاہور میں مسٹر اینڈ مس ورلڈ پاکستان 2025 کا شاندار انعقاد، میا صدیق اور حسن عبداللہ نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

لاہور میں مسٹر اینڈ مس ورلڈ پاکستان 2025 کا شاندار انعقاد، میا صدیق اور حسن عبداللہ نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

ویب ڈیسک: لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی ایک رنگا رنگ اور شاندار تقریب میں مسٹر اینڈ مس ورلڈ پاکستان 2025 کا انتخاب عمل میں آیا، جس میں اندرون و بیرون ملک سے آئے حسیناؤں اور ماڈلز نے شرکت کی۔

 اس تقریب کو نہ صرف خوبصورتی کا جشن بلکہ باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی کا پلیٹ فارم بھی قرار دیا گیا۔ پاکستانی نژاد برطانوی ماڈل میا صدیق کو "مس پاکستان 2025" کا تاج پہنایا گیا، جبکہ حسن عبداللہ نے "مسٹر پاکستان 2025" کا اعزاز حاصل کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حفصہ احمد نے "مس یونیورسل" اور صبا چوہدری نے "مس پاکستان سپریم" کا خطاب اپنے نام کیا۔

 تقریب میں اداکارہ فرحانہ مقصود، پیپلز پارٹی کے رہنما سید حسن مرتضیٰ اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔اداکارہ فرحانہ مقصود نے کہا کہ:"ایسے مقابلوں میں صرف خوبصورتی نہیں بلکہ شخصیت، اعتماد اور ذہانت کو بھی پرکھا جاتا ہے۔"ایونٹ آرگنائزر سونیا خان کا کہنا تھا کہ:"ہماری کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کی باصلاحیت ماڈلز کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کریں تاکہ وہ بین الاقوامی فیشن انڈسٹری میں اپنا مقام بنا سکیں۔"

 حسیناؤں نے اس پلیٹ فارم کو خواتین کی خوداعتمادی اور صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی تقریبات خواتین کو معاشرے میں مضبوط بننے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔شرکاء نے تقریب کے انعقاد اور اس کی پیشہ ورانہ ترتیب کو سراہتے ہوئے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔