سہ ملکی ٹی20 سیریز: پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا

سہ ملکی ٹی20 سیریز: پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا

ٹرائی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے دی اور سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

افغان کوچ کی مایوسی اور اعتراف:
میچ کے بعد افغان ٹیم کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں شکست سے مایوسی ہوئی ہے، تاہم کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے جس نے شاندار بولنگ کی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فائنل میں بہتر کھیل پیش کیا، افغانستان کو ایشیا کپ سے قبل اپنے کھیل میں مزید بہتری لانی ہوگی، امید ہے کہ ابوظہبی میں ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی۔

جوناتھن ٹروٹ نے مزید کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں ریویو سسٹم موجود نہیں تھا لیکن اس پر کوئی شکایت نہیں، ٹورنامنٹ میں زیادہ تر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں ہی کامیاب رہیں جبکہ اسپنرز کے لیے وکٹیں مددگار ثابت ہوئیں۔

پاکستانی کپتان اور کھلاڑیوں کا سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی:
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے سہ ملکی ٹی20 سیریز کی جیت کو پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کردیا۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ "ہم یہ کامیابی اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو وقف کرتے ہیں، پوری قوم کو چاہیے کہ مشکل کی اس گھڑی میں متحد ہوکر سیلاب متاثرین کی مدد کرے۔"اس موقع پر کپتان سلمان آغا اور فاسٹ بالر شاہین آفریدی نے اعلان کیا کہ وہ سیریز کی تمام میچ فیس فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ "اس کڑے وقت میں وطن کی مٹی ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ سیلاب متاثرہ بھائی بہنوں کی مدد کریں، ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ دل کھول کر فلڈ ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالیں۔"