عالمی قوانین ہر ملک کو پر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے متعلق سائنسی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں
تہران ( آن لائن) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نیکہا ہے کہ کوئی بھی ایران کو یورینیم کی افزودگی سے نہیں روک سکتا۔ العربیہ کے مطابق انھوں نے گذشتہ روز عمانی ٹیلی ویژن کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ ایران ایسے تمام دباؤ کو مسترد کرتا ہے اور اپنے اس حق پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین ہر ملک کو پر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے متعلق سائنسی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں۔انہوں نے باور کرایا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں، نہ ماضی میں ایسا چاہا، نہ مستقبل میں ایسا ارادہ رکھتا ہے، کیوں کہ یہ ایران کے عقیدے کے خلاف ہے، تاہم وہ طبی، زرعی، صنعتی اور سائنسی مقاصد کے لیے افزودگی سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا۔