ن لیگ سے اتحا د مجبوری، ووٹ اورسیاست قربان کی مگر ریاست کو بچایا
حکومت کیساتھ ہیں کھل کر بولنے کی اجازت نہیں:ندیم افضل چن ،تسنیم قریشی
سرگودھا (خصوصی رپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ نوشتہ دیوار پڑھ لیا جائے، اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہوگا، یہ بات دیوار پر لکھی جا چکی ہے۔ وہ سرگودھا میں منعقدہ ڈویڑنل بلدیاتی کنونشن کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پنجاب میں غریب کے لیے علاج مشکل ہو چکا ہے، 700 بیڈز کے ہسپتال کی منظوری سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دی تھی مگر پنجاب حکومت نے این او سی جاری نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان رل گیا ہے اور غریب شدید مشکلات کا شکار ہے، غلط پالیسیوں کی وجہ سے گندم نہ صرف کسان بلکہ غریب کے ہاتھ سے بھی نکل گئی ہے، آج دونوں ہی رو رہے ہیں، فیصلے بند کمروں میں بیوروکریٹس کے ذریعے نہیں ہونے چاہئیں۔مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد شوق یا محبت کا نہیں بلکہ ملکی مجبوری ہے، ہم نے ووٹ قربان کیے، سیاست قربان کی مگر ریاست کو بچایا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیاست میں ایک بڑا خلا موجود ہے، عوام تنگ آ چکے ہیں اور پیپلز پارٹی کے سوا کوئی آپشن نظر نہیں آ رہا۔ ہمیں شہید بے نظیر بھٹو کے خون سے وفا کرنی ہے اور بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری ندیم افضل چن اور سابق وزیر مملکت داخلہ تسنیم احمد قریشی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پنجاب میں عملی طور پر اپوزیشن موجود نہیں، ہم حکومت کے ساتھ بیٹھے ہیں مگر کھل کر بولنے کی اجازت نہیں۔