اولین ترترجیح امن جو معیشت کی ترقی کی راہ ہموار کریگا:رضوان سعید شیخ

پاکستان میکسیکو کی طرز پر کنیکٹر کنٹری بننے کو تیار ہے،پاک امریکاتجارتی خسارہ بہت کم ،باآسانی پوراکیاجاسکتاہے
واشنگٹن (آئی این پی )امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے پر بحیثیت قوم فخر ہے تاہم ہماری اولین ترجیح امن ہے جو معیشت کی ترقی کی راہ ہموار کریگا،پاکستان میکسیکو کی طرز پر ایک کنیکٹر کنٹری کا کردار ادا کرنے کے لیے موزوں اور تیار ہے، امریکامیں دس لاکھ پاکستانی کمیونٹی پاک امریکا تعلقات کی سب سے پائیدارکڑی ہے،پاک امریکاتجارتی خسارہ بہت کم ہے جسے باآسانی پوراکیاجاسکتاہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے واشنگٹن ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں امریکی پالیسی سازوں، سفارت کاروں اور بزنس کمیونٹی سے خطاب میں کیا ۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بحیثیت سفیر معاشی تعلقات کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے، پاک امریکا تجارتی خسارہ بہت کم ہے جسے باآسانی پورا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی کاٹن کا سب سے بڑا درآمدکنندہ ملک ہے،پاکستان امریکا سے سویابین بھی درآمد کر رہا ہے اور ایک علاقائی مرکز کے طور پر کام کر سکتا ہے۔سفیر پاکستان نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود معاشی مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور کہا کہ زراعت، آئی ٹی اور معدنی وسائل جیسے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاروں کے لیے نادر موقع موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان امریکا کی نسبت 70 فیصد تک کم خرچ اور معیاری خدمات فراہم کر رہا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کے لیے معاملات کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے اور کاروباری طبقے کو موافق ماحول اور مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔