پاکستان پر حملہ ہوا تو بھرپور طاقت سے جواب دیں گے: رضوان سعید شیخ

بھارت اپنی جابرانہ پالیسیوں، انتخابی مجبوریوں یا انتظامی کوتاہیوں کا بوجھ پاکستان پر نہیں ڈال سکتا
ہماری معاشی ترقی امن کی متقاضی، ہم باوقار امن پر یقین رکھتے ہیں،امریکا میں پاکستانی سفیر کا انٹرویو 
 واشنگٹن(آئی این پی )امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پہلگام حملے سے متعلق بھارت کی جانب سے تاحال کسی قسم کا کوئی بھی ثبوت پاکستان یا دنیا کے سامنے نہیں رکھا گیا، پاکستان پر حملہ ہوا تو بھرپور طاقت سے جواب دیں گے، بھارت اپنی جابرانہ پالیسیوں، انتخابی مجبوریوں یا انتظامی کوتاہیوں کا بوجھ پاکستان پر نہیں ڈال سکتا۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، ہم امن کے خواہاں ہیں تاہم اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر پاکستان کے خلاف کسی قسم کی مہم جوئی ہوئی تو ہم بھرپور قوت سے اسکا جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں کشیدگی نہیں چاہتے لیکن اگر دو جوہری طاقتیں آمنے سامنے آئیں تو حالات کیا شکل اختیار کرتے ہیں اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، ہماری معاشی ترقی امن کی متقاضی ہے لیکن ہم باوقار امن پر یقین رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت کی جانب سے تاحال کسی قسم کا کوئی بھی ثبوت پاکستان یا دنیا کے سامنے نہیں رکھا گیا۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارت اپنی جابرانہ پالیسیوں، انتخابی مجبوریوں یا انتظامی کوتاہیوں کا بوجھ پاکستان پر نہیں ڈال سکتا، اگر سات لاکھ فوج کی موجودگی بھی مقبوضہ کشمیر میں امن کو یقینی نہیں بنا سکتی تو یہ بھارت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔