نئی امریکی انتظامیہ کیساتھ تجارتی تعلقات کا فروغ اولین ترجیح:رضوان سعید شیخ

ہمارا خطہ کسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہو سکتا ،پاکستان کی طرف انگشت نمائی سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکا جائے
اسلام آباد(آئی این پی )امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کا فروغ اولین ترجیح ہے،دنیا پر واضح کر دیا کہ ہماری صلاحیتوں کے نتیجے میں امن کا قیام ممکن ہوا ۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ صدر ٹرمپ تجارتی ذہن رکھتے ہیں، پاکستان اپنی استعداد کو بروئے کار لا کر امریکی منڈی کی ضروریات پوری کرسکتا ہے، سکیورٹی کے ساتھ ساتھ معدنیات، آئی ٹی اور زراعت جیسے شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر کام جاری ہے، حالیہ دنوں میں پاکستان نے اپنی تکنیکی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے جس سے ان شعبہ جات میں پاک امریکا تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں پاک امریکا تجارتی معاملات کے خدوخال مزید واضح ہو جائیں گے، ۔رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف انگشت نمائی سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکا جائے، عالمی سطح پر ایسی گفتگو انتہائی مضحکہ خیز ہے، اس قسم  کے بیانات بذاتِ خود بھارت کی ساکھ کو متاثر کر رہے ہیں، بھارت کے حالیہ اقدامات میں لاقانونیت  کا  ایک لامتناہی سلسلہ نظر آتا ہے جس کی واضح مثال سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے طرز عمل ہے، بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی  ثبوت پاکستان پر الزام تراشی کی۔