اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر سزا معطلی کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے۔
عدالت کی کارروائی
کیس کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔عدالت نے کہا کہ درخواستوں پر باقاعدہ سماعت آئندہ ہفتے کی جائے گی۔
وکیل لطیف کھوسہ کی استدعا
پی ٹی آئی بانی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی اگلی سماعت 21 مئی کو مقرر کی جائے۔عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے رکھنے کا عندیہ دے دیا، تاہم حتمی تاریخ بعد میں طے کی جائے گی۔
پس منظر
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے عمران خان کو 14 سال قید اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔یہ مقدمہ قومی خزانے کو مبینہ نقصان اور غیر قانونی معاہدوں کے حوالے سے دائر کیا گیا تھا، جسے "190 ملین پاؤنڈز سکینڈل کیس" کے نام سے جانا جاتا ہے۔