پاکستان، مصر، اردن، یو اے ای، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کے مسجدِ اقصیٰ اور ہولی چرچ تک رسائی روکنے کے اقدام کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میں مذہبی مقامات کی قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو بھی مسترد کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ رمضان کے دوران مسجدِ اقصیٰ کے دروازے بند رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس کے علاوہ، اردن کے محکمۂ اوقاف کو مسجدِ اقصیٰ کے امور کا واحد مجاز ادارہ قرار دینے کا اعادہ کیا گیا ہے۔ عالمی برادری سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اسرائیلی اقدامات کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔