حیدرآباد کنگز میں بہتری کی گنجائش، اعتماد اور اچھی شروعات ضروری:مارنس لبوشین

حیدرآباد کنگز میں بہتری کی گنجائش، اعتماد اور اچھی شروعات ضروری:مارنس لبوشین

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پہلی بار حصہ لینے والے حیدرآباد کنگز کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا ہے کہ ٹیم کو بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں مضبوط آغاز کی ضرورت ہے اور کھیل کے ہر شعبے میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

 لبوشین نے کہا کہ ابتدائی دو میچز ٹیم کے لیے منصوبے کے مطابق نہیں گئے، لیکن کئی مثبت پہلو سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد پیدا کرنا اور ایک دوسرے کے کھیل کو سمجھنا ٹیم کے لیے سب سے اہم ہے۔کپتان نے کہا کہ نوجوان اوپنرز معاذ صداقت اور صائم ایوب کو اعتماد دینا ہوگا تاکہ وہ بہترین کارکردگی پیش کر سکیں اور باقی ٹیم پر بھی مثبت اثر ڈالیں۔مارنس لبوشین نے ابتدائی میچز میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنا ہے تاکہ ٹیم مضبوط پوزیشن حاصل کر سکے۔

انہوں نے تماشائیوں کی کمی کے باوجود کہا کہ ٹیم کے لیے حکمت عملی بنانا آسان ہوتا ہے، اور جلد گلین میکسویل ٹیم میں شامل ہوں گے جو سینئر بیٹر کے طور پر اہم کردار ادا کریں گے۔

لبوشین نے پاکستانی کھانوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہیں خاص طور پر چکن کڑاہی، پراٹھا اور نان بہت پسند ہیں، اور انہوں نے بابر اعظم سمیت کئی پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے تجربے کو مثبت قرار دیا۔