پیٹرول کے پیسے مانگنے پر کار سوار پمپ ملازم کو ڈیڑھ کلومیٹر تک گھسیٹتا رہا

 سفاک نے 15 ہزار کا پیٹرول ڈلوایا،ملازم کا ہاتھ شیشے میں پھنسا کر گاڑی بھگا دی 
 ملازم شدید زخمی ،ہسپتال منتقل ،ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا:ڈی پی اوساہیوال  
ساہیوا ل(آئی این پی ) ساہیوال میں پیٹرول کے پیسے مانگنے پر ایک کار سوار پمپ ملازم کو ڈیڑھ کلومیٹر تک گاڑی کے ساتھ گھسیٹتا رہا جس کی فوٹیج سامنے آگئی۔تھانہ غلہ منڈی کی حدود میں ایک کار سوار نے پیٹرول کے پیسے مانگنے پر پمپ ملازم پر بدترین تشدد کرتے ہوئے اسے ڈیڑھ کلومیٹر تک گاڑی کے ساتھ گھسیٹا، جس کے نتیجے میں ملازم شدید زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق ایک کار سوار نے پیٹرول پمپ سے 15 ہزار روپے کا پیٹرول ڈلوایا، تاہم جب پمپ ملازم نے رقم کا مطالبہ کیا تو ملزم نے سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملازم کا ہاتھ گاڑی کے شیشے میں پھنسا لیا اور گاڑی بھگا دی۔ملزم زخمی ملازم کو تقریبا ڈیڑھ کلومیٹر تک سڑک پر گھسیٹتا ہوا لے گیا، جس سے ملازم شدید زخمی ہو گیا۔واقعے کے بعد زخمی ملازم کو فوری طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ساہیوال کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لئے سیف سٹی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے اور ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔