بجلی صارفین کو 14ارب کا جھٹکا؟
سی پی پی اے کی جانب سے دائر فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر آج سماعت ،ایل پی جی کی قیمت فی کلو 225روپے مقرر ،450 روپے کلوتک فروخت ،ایل این جی کی سپلائی متاثر، سی این جی سیکٹرکو سپلائی بند، گھروں میں صرف کھانے کے اوقات میں فراہمی
اسلام آباد،لاہور( بیورو رپورٹ ،خصوصی رپورٹ )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد صارفین کیلئے بجلی بھی مہنگی ہونے کا امکان ہیاور گیس بحران بھی سر اٹھانے لگا۔سی پی پی اے کی جانب سے دائر فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر آج (منگل کو) سماعت ہوگی۔درخواست کے مطاق ایک ماہ کے لیے بجلی 1 روپے 64 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، منظوری کی صورت میں صارفین پر 14 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ دریں اثنااوگرا نے ملک میں ایل پی جی کی اضافی قیمت کی وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی پر ایکشن کا عندیہ دیدیا۔ترجمان اوگرا کے مطابق ملک بھر میں فیلڈ انسپکشنز شروع کر دی ہیں، اوورچارجنگ برداشت نہیں کی جائے گی، مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمت فی کلو 225روپے مقرر ہے اورمارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت 400سے 450روپے وصول کی جارہی ہے۔مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث ملک میں گیس بحران شدید ہونے لگا ، ملک میں درآمدی گیس ایل این جی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوگئی،سوئی ناردرن یومیہ 9 سے 11 سو ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی سسٹم میں شامل کرتی ہے، ذرائع کے مطابق اس وقت 200 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی سسٹم میں شامل کی جارہی ہے، ایل این جی کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو آئندہ دو سے تین روز میں شارٹ فال مزید بڑھ جائے گا، سوئی ناردرن نے گیس شارٹ فال بڑھنے پر سی این جی سیکٹر کو گیس سپلائی بند کردی، ذرائع کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کو بھی صرف کھانا بنانے کے اوقات میں چند گھنٹے گیس دی جارہی ہے، ٹیل اور گنجان آباد علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہوتا ہے، سوئی ناردرن کی جانب سے انڈسٹریز اور گھریلو صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پلاننگ شروع کردی گئی، گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جائے گی گیس بحران شدید ہونے سے گھریلو صارفین کے ساتھ انڈسٹریل صارفین بھی متاثر ہونگے۔