کل سے تعلیمی سرگرمیاں بحال

 ہفتے میں 5 دن کلاسز ہونگی، سکول آئیں، پڑھائی کریں:وزیرتعلیمرانا سکندر حیات 
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں کی بحالی کل یکم اپریل سے ہوگی۔ سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں یکم اپریل سے کھلیں گے جبکہ ہائبرڈ نظام نہیں چلے گا، آن لائن کلاسوں کی طرف نہیں جا رہے بلکہ تمام کلاسیں فزیکل ہوں گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر زیر گردش تدریسی سرگرمیوں کی مدت سے متعلق نوٹیفکیشن جعلی قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے ہفتے میں 4 دن کھولنے والا نوٹیفکیشن فیک ہے۔ صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے ہفتے میں 5 دن معمول کے مطابق کھلا کریں گے۔ طلبا سکول آئیں، پڑھائی کریں۔ دوسری جانب وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے میٹرک کے امتحانات کیلئے بنائے گئے سنٹرز کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے امتحانی عمل اور سہولیات کا جائزہ لیا ،انہوں نے امتحانی سنٹرز کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور سنٹرز کے اطراف غیر متعلقہ اشخاص کی نقل و حرکت کنٹرول کرنے کی ہدایت کی ، وزیر تعلیم نے کہا کہ بوٹی مافیا کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے ،نقل کروانے اور کرنے والے دونوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تعلیمی بورڈز کو تمام سنٹرز آن لائن رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ جن سنٹرز کی شکایات آ رہی ہیں وہاں فوری ایکشن لیا جائے اور شکایات پر کارروائی کے حوالے سے انہیں آگاہ رکھا جائے۔