دہشت گردوں نے سکول کی عمارت پر اپنا جھنڈا لہرایا ‘ پروپیگنڈے کے تحت اس کی ویڈیو وائرل کی
باڑہ(آن لائن)سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں ایک بڑی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے اسکول پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے 10 خارجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ فورسز کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا اور علاقے کو بڑے خطرے سے بچا لیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے باڑہ کے خواجہ میر اسکول پر قبضہ کرنے کی ناکام کوشش کی۔ دہشت گردوں نے اسکول کی عمارت پر اپنا جھنڈا لہرایا اور پروپیگنڈے کے تحت اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تاکہ عوام میں خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز نے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس معلومات کی مدد سے چند ہی گھنٹوں میں ان کا سراغ لگایا اور فرار ہونے والے تمام 10 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔