خیبرپختونخوا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (آئی این پی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر  نے کہا ہے خیبرپختونخوا کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، نقصانات کا ازالہ کریں گے۔ایک انٹرویو میں  بیرسٹر گوہر نے کہا  علی امین گنڈاپور سے بات ہوئی ہے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں، زخمیوں کا بھرپور خیال رکھا جائے گا، اسپتالوں میں تمام ریسورس استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جانی نقصان کے ساتھ ساتھ انفرا اسٹرکچر کو بری طرح نقصان پہنچا ہے، وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے سے درخواست ہے کہ رابطے میں رہے۔بیرسٹڑ گوہر نے کہا کہ اس وقت ہماری پوری توجہ لاپتا افراد کی تلاش اور انہیں بچانا ہے، لوگوں کو ریسکیو کرنا اور فرسٹ ایڈ کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل کے مطابق کام کررہی ہے، ریسکیو ہیلی کاپٹر کریش ہوا جس پر بہت دکھ ہے، بونیر کی عوام کا جذبہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ جس چیز کی بھی ضرورت ہے لوگ بھرپور مدد کررہے ہیں، اس وقت سیاست نہیں ہورہی سب مل کر بھائیوں کی مدد کررہے ہیں، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام جماعتیں مدد کررہی ہیں۔