وفاقی حکومت کی جانب سے سیاسی شخصیات کو رہائش گاہوں اور حجروں پر بھی حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت
پشاور (آئی این پی) خیبر پختونخوا میں عید الفطر کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے باعث سیاسی شخصیات کی عید کی روایتی تقریبات شدید متاثر ہوگئیں‘ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت اہم شخصیات کو عید کی نماز گھروں پر پڑھنے کا مشورہ دے دیا گیا۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اہم رہنمائوں کے ساتھ ساتھ مذہبی رہنمائوں کو احتیاط کرنے کی ہدایات کی گئی ہے، ان میں سے بیشتر رہنما بشمول مولانا فضل الرحمان کو عید کی نماز بھی اپنی رہائش گاہ پر پڑھنے کی درخواست کی گئی ہے۔اس کے علاوہ دیگر سیاسی شخصیات کو عوامی سطح پر عید ملن تقریبات کو محدود، رہائش گاہوں اور حجروں پر بھی حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔صوبائی حکومت نے تمام سیاسی شخصیات کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے ہیں، عید کے موقع پر عام شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔