مریم اورنگزیب کے بھیس بدل کر جناح ور چلڈرن ہسپتال کے دورے

سینئر صوبائی وزیر ہسپتال کے مختلف کاونٹرز پر گئیں، وارڈز کا معائنہ، ادویات کی مفت فراہمی، صفائی کا جائزہ لیا
لاہور(آئی این پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی مریم اورنگزیب عام شہری بن گئیں، بھیس بدل کر جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل کے دورے کیے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔رپورٹ کے مطابق مریم اورنگزیب عام شہری کی طرح ہسپتال کے مختلف کاونٹرز پر گئیں، وارڈز کا معائنہ، ادویات کی مفت فراہمی، صفائی کا جائزہ لیا، انہوں نے زیر علاج مریضوں کے لواحقین سے ادویات کی مفت فراہمی اور علاج کے بارے میں پوچھا۔مریضوں کے لواحقین نے جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل میں صفائی ستھرائی، علاج اور مفت ادویات کی فراہمی تک صورتحال میں نمایاں بہتری کا اعتراف کیا، تمام ادویات ہسپتال کی فارمیسی کے اندر سے مل رہی تھیں۔اعلان کرکے عوام کو بتایا جا رہا تھا کہ ایمرجنسی وارڈ، ہسپتال میں داخل اور عارضی علاج کے لیے آنے والے تمام مریض ہسپتال کے اندر سے دوائی لیں، ہسپتال کی طرف سے مفت دوائی نہ ملنے کی شکایت کرنے کے لئے ہیلپ لائن کا بھی اعلان کیا جا رہا تھا۔ریسپشن پر لگی سکرین پر زیر علاج مریضوں اور ان کی تعداد دکھائی جا رہی تھی، فارمیسی کے باہر سٹاک میں موجود ادویات کی تفصیل بھی سکرین پر جاری کی جارہی تھی۔صفائی کا عملہ صفائی کر رہا تھا، ہر وارڈ کے باہر گارڈز بھی موجود تھے، مریم اورنگزیب نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔مریم اورنگزیب ایم ایس آفس بھی گئیں، کارکردگی پر وزیراعلیٰ کی طرف سے ایم ایس سمیت تمام ڈاکٹرز اور عملے کی تعریف کی۔